"وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کر کہتے ہیں سکون تو قبر میں ملےگا"سینیٹر سراج الحق حکومت پر برس پڑے

"وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کر کہتے ہیں سکون تو قبر میں ملےگا"سینیٹر ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نےکہاہے کہ عوام فاقہ کشی اورحکمران مستی سے زندگی گزاررہےہیں، حکومت مہنگائی کے کوڑے عوام کے سروں پر برساتی اور ساتھ نعرہ لگاتی ہے کہ گھبرانا نہیں،دو سال سے عوام کا خون نچوڑا جارہاہے،مہنگائی کی وجہ سےلوگوں کےچولہے بجھ گئے،وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کرکہتےہیں سکون قبر میں ملےگا،حکومت کو ووٹ اورسپورٹ دینے والےپشیمان ہیں،جماعت اسلامی عوام کی سیاست کرتی ہے،لوگوں کوپریشان دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی جبکہ حکمران بے حسی اور لاپرواہی کی تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں۔

 پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بے حس حکمرانوں نے عوام کی نیند حرام کردی ہے،حکمران لوگوں کے منہ کاآخری نوالہ بھی چھین لینے پرتلے ہوئے ہیں،خوردونوش کی عام چیزوں کی دو سال میں قیمتیں تین گنا تک بڑھ گئی ہیں،حکومت کی اپنی صفوں میں موجود مافیاز کی لو ٹ ماراور کرپشن نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے،آٹا اور چینی کے لیے لوگوں کو قطاروں میں لگنا پڑتاہے، حکومت کی نااہلی سے ملکی معیشت ڈوب چکی ہے، جی ڈی پی کی شرح کم ترین سطح پر اور مہنگائی کا گراف بلند ترین سطح پر پہنچ چکاہے،بیرونی سرمایہ کاری میں کمی سے کاروبار ٹھپ ہے،حکومت کی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی و بے روزگاری کاطوفان آچکاہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی چیخیں نہیں سن رہی،اگر تنگ آمد بجنگ آمد کے مصدا ق عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی، جماعت اسلامی عوام کی آواز بنے گی،ہم لوگوں کو ان پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے میدان میں ہیں، ملک و قوم کے مسائل کا حل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب میں ہے،اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کی جدوجہد کو تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے،جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف یکم نومبر سے تحریک کا آغاز کر رہی ہے،عوام کو مہنگائی بے روزگاری کی دلدل سے نکلنے کے لیے موجودہ حکمرانوں کے خلاف اٹھنا اور جماعت اسلامی کی تحریک کے دست و بازو بننا ہوگا۔

مزید :

قومی -