آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ ۔۔۔بلاول بھٹو زرداری نے آئی جی سندھ کے پاس  پہنچ کر بڑا دعویٰ کردیا

آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ ۔۔۔بلاول بھٹو زرداری نے آئی جی سندھ ...
آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ ۔۔۔بلاول بھٹو زرداری نے آئی جی سندھ کے پاس  پہنچ کر بڑا دعویٰ کردیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کی پولیس فورس کی جانب سے چھٹیوں کی درخواستیں آنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آئی جی سندھ کے پاس ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے،اس موقع پر  اُن  کے ہمراہ وزیراعلی سید  مراد علی شاہ اور سندھ پولیس کے اعلی افسران بھی موجودتھے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں،آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی واقعے کی تحقیقات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کراچی میں سندھ کے آئی جی پولیس مشتاق مہر کی رہائش گاہ پہنچے  جہاں اُن  کے ہمراہ سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ اور سندھ پولیس کے اعلی افسران بھی موجودتھے۔بلاول بھٹو زرداری نے اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ  سندھ پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف قابل ستائش خدمات سرانجام دی ہیں،سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دئیے،  چینی قونصل خانے کا تحفظ گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے خارجہ امور کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا،کراچی سٹاک مارکیٹ کا دفاع گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے پاکستان کے معاشی حب کے تحفظ کے لئےاپنی جانیں دے کر حفاظت کی۔

بلاول بھٹو زرداری  نے سندھ پولیس افسران سے گفتگو میں  کہاکہ آرمی چیف نے مجھے کراچی واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کرائی ہے اور کہاہے کہ  کراچی واقعے کی تحقیقات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے،  سندھ حکومت بھی کراچی واقعے کی وزرا کی سطح پر تحقیقات کررہی ہے، سندھ میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں،میں یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کے عوام کا صوبے کی پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔

مزید :

قومی -