پاکستان کی آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر گولہ باری کی مذمت

پاکستان کی آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر گولہ باری کی مذمت
پاکستان کی آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر گولہ باری کی مذمت

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے ہم منصب جے ہون بائرموف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔وزیرخارجہ نے   آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

ڈان  نیوز کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت کثیرالجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش ہے، آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان انسانی بنیادوں پر اعلان کردہ جنگ بندی امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فریقین کے درمیان پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد اور آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کے انخلا پر ہوگا۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے حالیہ تنازع میں پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا۔گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر کے آخری ہفتے میں دہائیوں سے جاری ناگورنو-کاراباخ تنازع کا ایک بار پھر آغاز ہوا اور اب تک 80 عام شہریوں سمیت تقریبا 700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید :

قومی -