کورین زبان کے امتحان میں نقل لگاتے ہوئے غیر ملکی پکڑے گئے
سیول(رضا شاہ) حالیہ کورین زبان کی مہارت کے امتحان میں نقل لگاتے ہوئے 29 غیر ملکی شہری پکڑے گئے۔ کوریا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل ایجوکیشن کے مطابق غیر ملکیوں نے موبائل فون اور دوسرے ممنوعہ الیکٹرانک آلات کے ذریعے دارالحکومت سیول کے ایک سکول میں منعقد کورین میں مہارت کے امتحان (TOPIC) میں دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے نقل لگائی۔ اطلاعات کے مطابق ان 29 غیرملکیوں میں 13 چائنیز، 9 ویتنامی، 2 قازقستانی اور2 جاپانی شہریوں کے علاوہ 2 کورین شہری بھی شامل ہیں۔ انسٹیٹیوٹ نے دھوکہ دہی سے امتحانات دینے والے تمام افراد کے نتائج کو کینسل کرنے کے ساتھ سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔