لاہور سے دبئی جانے والوں کا ائیرپورٹ پر رش، ائیرلائنوں نے یکطرفہ کرایہ 60ہزار روپے تک بڑھا دیا, نجی ٹی وی کا دعویٰ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور سمیت ملک بھرکے ائیرپورٹس پر متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمندوں کا رش بڑھ گیا جس کی وجہ دبئی ایکسپو اور ٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ ہے ، ائیر لائنوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے کرائے بڑھا دیے ۔
نجی ٹی وی 24نیوز کے مطابق ائیر لائنوں نے لاہور سے متحدہ عرب امارات کے یکطرفہ کرایوں میں 60 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا جس کی وجہ پروازوں کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی ایمریٹس ائیر کا کرایہ ایک لاکھ 47ہزار روپے ، لاہور سے ابو ظہبی اتحاد ائیر کا کرایہ ایک لاکھ 66ہزار روپے ، لاہور سے شارجہ ائیر بلیو کا کرایہ 85 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر چکاہے ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ لاہور سے دبئی پی آئی اے کا کرایہ ایک لاکھ 20ہزار سے تجاوز کر گیا، لاہور سے دبئی سیرین ائیر کا کرایہ ایک لاکھ 10ہزار روپے ہو چکا ہے ۔
دوسری جانب فضائی سفر کے کرایوں میں اضافے پر متعلقہ حکام مکمل خاموشی اختیار کئے بیٹھے ہیں ۔