کوئٹہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تحریک عدم اعتماد پر کہا کہ سیاست میں سب لوگ ہی مطمئن اور پر اعتماد نظر آتے ہیں ، مگر اصل بات ووٹنگ کے دن ظاہر ہوتی ہے ۔
بلوچستان اسمبلی پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا کہ ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش کی جائے گی جس پر سپیکر تین یا سات دن بعد ووٹنگ کا حکم دیں گے ، مخالفین پر اعتماد نظر آتے ہیں تو ہم بھی پر اعتماد ہیں سیاست میں سب ہی پر اعتماد ہوتے ہیں ۔
جام کمال نے کہا کہ یہ سوال اہم ہے کہ کیسے حکومتی ارکان جو ایک جماعت سے منسلک ہیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر تحریک لا رہے ہیں ، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی طرف سے آتی ہے ، حکومتی ارکان کی طرف سے نہیں ، بہرحال یہ سمجھ جانا چاہئے کہ اپوزیشن حکومتی صفوں میں نا چاقی ڈالنے کیلئے بڑا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ، ہمیشہ اپوزیشن اپنے بل بوتے پر کام کرتی ہے مگر یہاں وہ حکومتی ارکان کے بل بوتے پر کام کر رہے ہیں ۔
اپوزیشن ارکان کی دعوت میں حکومتی جماعت کے اراکین کی شرکت کے سوال پر جام کمال نے کا کہ ہم بلوچوں اور پٹھانوں کی روایت ہوتی ہے کہ کسی کی دعوت کو منع نہیں کرتے ، ہمارےپاس صرف عددی اکثریت نہیں ہے بلکہ یہ افراد پورے بلوچستان کے سٹیک ہولڈرز ہیں ، ہر علاقے ، ہر قبیلے کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہم نے بلوچستان میں جو ہم آہنگی کی فضا پیدا کی ہے اسے خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ امید ہے ثناءاللہ زہری بھی ساتھ دیں گے ۔