شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا میں سے کس نے پہلے بے وفائی کی؟ باڈی گارڈ کا تہلکہ خیز انکشاف
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا دونوں کے معاشقوں کے متعلق سبھی جانتے ہیں مگر دونوں میاں بیوی میں سے کس نے پہلے بے وفائی کی؟ شہزادہ چارلس کے ایک باڈی گارڈ نے اس حوالے سے اہم انکشاف کر دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق شہزادہ چارلس کے اس سابق باڈی گارڈ نے بتایا ہے کہ پہلے شہزادی ڈیانا نے شہزادہ چارلس کے ساتھ بے وفائی کی تھی۔ شہزادہ چارلس کا کیمیلا پارکر کے ساتھ معاشقہ دوبارہ شروع ہونے سے پہلے شہزادی ڈیانا کا رائل پروٹیکشن آفیسر بیری میناکی کے ساتھ معاشقہ شروع ہو چکا تھا۔
ایلن پیٹر نے یہ انکشاف سی این این کی ایک نئی ڈاکیومنٹری میں کیا ہے۔ وہ 9سال تک شہزادہ چارلس کے پرسنل پروٹیکشن آفیسر رہے۔ ایلن پیٹر نے کہا کہ ”ایک عام تاثر پایا جاتا ہے کہ شہزادہ چارلس اپنی ازدواجی زندگی میں مسلسل شہزادی ڈیانا کے ساتھ بے وفائی کرتے رہے اور ان کا کیمیلا پارکر کے ساتھ تعلق قائم رہا مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ شادی کے بعد پہلے بے وفائی شہزادی ڈیانا نے کی تھی۔ شہزادہ چارلس کو جب شہزادی ڈیانا اور بیری کے معاشقے کا علم ہوا، اس کے بعد ان کا کیمیلا پارکر کے ساتھ دوبارہ رابطہ ہوا۔“
رپورٹ کے مطابق شہزادہ چارلس اور کیمیلا کا تعلق شہزادہ چارلس کی ڈیانا کے ساتھ شادی سے قبل ایک بار ختم ہو چکا تھا۔شہزادی ڈیانا کے ساتھ بیری کے تعلق کو 1987ءمیں ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا تھا جب اس کی ایک ٹریفک حادثے میں موت واقع ہو گئی۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ قتل کی واردات تھی۔خود شہزادی ڈیانا کا بھی یہی ماننا تھا کہ ان کے ساتھ تعلق کی وجہ سے بیری کو قتل کیا گیا۔بیری اپنے ایک کولیگ سارجنٹ سٹیفن پیٹ کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر جا رہا تھا کہ انہیں ایک گاڑی نے ٹکر مار دی۔ اس گاڑی کے ڈرائیور کا آج تک علم نہیں ہو سکا کہ وہ کون تھا۔ اس حادثے میں بیری کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔