پیپلز پارٹی کا شہر شہر مہنگائی کے خلاف احتجاج ، بلاول بھٹو نے جیالوں کو شاباشی دیتے ہوئے حکومت کو خبردار کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہر شہر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہر شہر پیپلزپارٹی کا مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاج حکومت کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ضلع شانگلہ، ضلع کوہاٹ اور ضلع چنیوٹ میں جیالوں کا احتجاج ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کی ایک کڑی ہے، 15 دن سے جاری مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کی منظم مہم دراصل عوام کے جذبات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیالوں کے احتجاج کامیاب رہے ہیں، اب تمام ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف احتجاج کریں گے، پیپلزپارٹی ملک میں جاری بدترین مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے