’نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا‘ سراج الحق حکومت کے خلاف پھٹ پڑے

’نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا‘ سراج الحق حکومت کے خلاف پھٹ پڑے
’نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا‘ سراج الحق حکومت کے خلاف پھٹ پڑے

  

 چترال(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے نظام کی تبدیلی کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے،نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا، پچھلے چار ماہ میں غیر ملکی قرضہ میں بارہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے حکم پر روپیہ کی قدر میں مسلسل کمی کی جارہی ہے،مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان بے قابو ہے،حکومت نے معیشت کا بیڑہ ڈبو دیا، اب نظریہ کی جڑیں اکھاڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں،مودی کو کشمیر سرنڈر کرنے والوں سے قوم حساب چُکتا کرے گی،وزیراعظم بتائیں کشمیر پر ہفتہ وار احتجاج کا کیا ہوا؟ وزیراعظم نے ہربات پر یوٹرن لیا،کاش وہ آٹا، چینی، گھی، دالوں کی قیمتوں پر بھی یوٹرن لے لیتے ،شایدغریب عوام کا بھلا ہو جاتااور ان کی گری ہوئی ساکھ میں کچھ بحالی آتی،غریب کا چولھا ٹھنڈا اور پیٹ خالی ہے، قوم دن رات اس وقت کو کوس رہی ہے جب پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اقتدار میں آئی،وزیروں اور مشیروں کی ظفر موج مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے، پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھی، بیڈ گورننس کی تاریخ رقم ہوئی، غربت، بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے ڈال دیے ہیں، قوم کو عذاب سے نجات دلائیں گے،پاکستان کی منزل اسلامی جمہوری انقلاب ہے۔

 چترال میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب، ضلعی ذمہ داران سے ملاقات، دیر بالا میں کارکنان جماعت اسلامی اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے 

سراج الحق کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے معیشت میں بہتری کے اعدادوشمار کو پاکستان کے سبھی آزاد معاشی ماہرین فریب قرار دے رہے ہیں، آئی ایم ایف ایک سیاسی ادارہ ہے جو عالمی طاقتوں کے اشاروں پر اپنا ایجنڈا واضح کرتا ہے،یہ ریکارڈ پر ہے جو بھی حکومت اس سے قرضہ لیتی ہے اس کی معیشت کو بہتر قرار دے دیا جاتا ہے لیکن کچھ عرصہ بعد پتا چلتا ہے کہ حقیقت میں ملک تباہ ہوچکا ہے، ماضی میں جتنے بھی پروگرام اپنائے گئے اس کا رزلٹ سب کے سامنے ہے،غریب قوم حکمرانوں کی عیاشیوں کی سزا بھگت رہی ہے، پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر تباہی لائی، وزیراعظم نے کشکول توڑنے کا وعدہ کیا مگر اس کا سائز اور بڑھا دیا، ملک میں لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے مایوس ہیں، نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ناانصافی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دیں، 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہزاروں بے روزگارنوجوان اکٹھے کریں گے، حکومتی نااہلی، مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف جاری تحریک کو حتمی مرحلے تک لے کر جائیں گے، ماضی کے حکمران معصوم بن کر قوم کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے، ان کا اور موجودہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ایک ہے،سب سٹیٹس کو کے علمبردار ہیں، ملک کو سٹیٹس کو سے چھٹکارا ملے گا تو ہی آگے جائے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ نبی رحمتﷺ کا اسوہ حسنہ پوری انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بہترین اور مکمل ماڈل ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا میں انسانوں کو ظلم اور ناانصافی سے نجات کے لیے قرآن و سنت سے مدد لینی چاہیے، دین اسلام امن اور ترقی کا ضامن ہے، پاکستان کے قیام کے بعد اگر ملک میں نظام مصطفی ﷺنافذ ہو جاتا تو ملک عظیم طاقت بن کر ابھرتا، مغرب کے ایجنٹوں نے پاکستانی عوام کو جان بوجھ کر اسلامی نظام سے محروم رکھا۔ ہمیں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے اور مل کر پارلیمنٹ، عدالت، تعلیم سمیت تمام شعبوں میں قرآن کا نظام نافذ کرنے کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کرنی چاہیے، جماعت اسلامی اللہ کی مددو نصرت اور عوام کے ساتھ سے پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائے گی۔

مزید :

قومی -