راجن پورکی تحصیلوں میں سروے کا عمل مکمل کر لیا گیا،زاہد اختر

راجن پورکی تحصیلوں میں سروے کا عمل مکمل کر لیا گیا،زاہد اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں جاری سروے کے حوالے سے اجلاس  ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری زراعت، ڈائریکٹر جنرل پراونشنل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید،ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید سمیت دیگر افسران نے نے جاری سروے کے حوالے سے ریلیف کمشنر پنجاب کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ڈی جی خان اور راجن پور کی 04 تحصیلوں سمیت ضلع میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں سروے کے عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے، ڈی جی خان اور راجن پور کی چار تحصیلوں میں سروے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاک آرمی، پی ڈی ایم اے، ریونیو، زراعت، اربن یونٹ سمیت دیگر ادارے سروے ٹیموں کا حصہ ہیں۔
  ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے متعلقہ افسران سے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ میں سروے کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، سروے ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ ہر بستی اور ہر گھر تک جائیں تاکہ سروے کے دوران کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، صاف اور شفاف سروے کو یقینی بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے کے فوری بعد سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا، ریلیف کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب میں وفات پانے والوں کے لواحقین میں 10،10 لاکھ روپے کی امدادی رقم کی تقسیم کا عمل فوری مکمل کیا گیا تھا چند روز بعد سیلاب متاثرین کے گھروں اور فصلوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے رقوم کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کے حوالے سے اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیٹلمنٹ کمشنر سید شعیب اقبال، سیکرٹری ایس اینڈ آر آصفہ مرتضی بھی موجود تھے۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر ایس ایم بی آر نے کہا کہ پنجاب کے تمام افسران عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی پیروی کریں اور عدالتوں میں مکمل تیاری کے ساتھ جائیں تاکہ جلد کیسز کا فیصلہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو کورٹ کیسز کا بھی مقررہ مدت کے دوران فیصلہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری رقبے کو قبضہ گروپوں سے واگزار کروانے کے لیے آپریشن میں تیزی لائی جائے اور ناجائز قابضین سے سرکاری رقبہ واگزار کروایا جائے۔