انسٹیٹیوٹ آف قرآن کو فعال بنانے پر وزیراعلیٰ کے شکر گزار،حفیظ البرکات

     انسٹیٹیوٹ آف قرآن کو فعال بنانے پر وزیراعلیٰ کے شکر گزار،حفیظ البرکات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سرپرست اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ، چیئرمین سید احسن محمود شاہ، صدر قدرت اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ”پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن ایند سیرت سٹڈیز“ کو فعال بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عظیم الشان منصوبہ فعال ہونے سے ہر سال ہزاروں طلبہ وطالبات قرآنی علوم اور سیرت النبی ؐ پر پی ایچ ڈی کریں گے اوران علوم میں مزید اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک بھی اداروں میں داخلے لے سکیں گے۔واضح رہے کہ اس عظیم الشان پراجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی 2004ء میں چوہدری پرویزالہی نے رکھا تھا۔ اس کیلئے لاہور کے مہنگے ترین علاقے میں 53کنال اراضی حاصل کی گئی اور اس کی تعمیر پر 75کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی تھی۔اس دوران کئی حکومتیں آتی اور جاتی رہیں لیکن کسی وزیراعلیٰ کو بھی خدمت قرآن کے اس عظیم پراجیکٹ کو فعال بنانے کی توفیق نہ ہوئی۔
 یہاں تک کہ اس عظیم الشان بلڈنگ کے دروازے خراب ہونے لگے،چھتیں ٹپکنے لگیں اور جابجا جالے لگ گئے اور قرآن وحدیث کی خدمت کا یہ عظیم پراجیکٹ حکمرانوں کی بے حسی کا شکار ہوگیا۔2004ء کے بعد چوہدری پرویزالہی پہلے وزیراعلیٰ ہیں کہ جنھوں نے اس پراجیکٹ کو فعال بنانے میں ذاتی دلچسپی لی اور پنجاب قرآن بورڈ کے نئے چئیرمین مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور محکمہ اوقاف کے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ انھوں نے اس کا دورہ کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے جس طرح سے اس پراجیکٹ کو فعال بنانے کیلئے خطیر گرانٹ دی اور اسے فعال بنانے کیلئے جن خیالات کااظہار کیا ہے وہ ان کی قرآن مجید اور سیرت النبی? کے ساتھ بے لوث محبت وعقیدت کا ثبوت ہے اس پر ہم وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں اور اس نیک کام میں انھیں ہر قسم کے تعاون کایقین دلاتے ہیں۔ یہ منصوبہ چوہدری پرویز الہی کی دین، قرآن اور پیغمبر اسلام سے محبت وعقیدت کاعملی نمونہ ہے۔ اس پراجیکٹ کے فعال ہونے سے جہاں قرآن مجید کی خدمت ہوگی وہاں پاکستان کانام بھی دنیا بھر میں روشن ہوگا۔