ایل ڈی اے ماسٹر پلان میں ماحولیات کی گائیڈ لائنز نظر انداز، آلودگی بڑھنے کے خدشات

ایل ڈی اے ماسٹر پلان میں ماحولیات کی گائیڈ لائنز نظر انداز، آلودگی بڑھنے کے ...

  

       لاہور(عامر بٹ سے)ایل ڈی اے کے ماسٹر پلان 2050 میں محکمہ تحفظ ماحولیات کی گائیڈ لائنز کو نظر انداز کر دیا گیا۔میٹروپولیٹن ایریا کے لئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہ دیا جا سکا۔لاہور کے منظور کردہ نئے ماسٹر پلان میں عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھنے کی بجائے ڈویلپرز کے مفادات کو ترجیح دی گئی، لاہور کا بچا کھچا گرین ایریا بھی نجی ہاؤسنگ سکیموں کو فائدہ پہنچانے کے لئے براؤن کر دیا گیا۔بفر زونز،گرین بیلٹس تک کیلئے منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ماہرین نے لاہور کے ماسٹر پلان کو عوام کی بجا ئے ڈویلپرز کا ماسٹر پلان قرار دے دیا۔چیف میٹروپولیٹن ونگ ایل ڈی اے کی طرف سے تیار کردہ ماسٹر پلان میں میٹروپولیٹن حدود جو 80 فیصد آبادی پر مشتمل ہے کی ڈویلپمنٹ کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی گئی۔ ٹھوکر سے مانگا منڈی اور رائے ونڈ سمیت دیگر انڈسٹریل اور رہائشی زون میں گرین ایریا کے تحفظ کے لئے منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔لاہور جو ماحولیاتی آلودگی میں دنیا میں نمبر ون پر آ چکا ہے نئے ماسٹر پلان میں محکمہ تحفظ ماحولیات سے کوآرڈینیشن نہیں کی گئی۔میٹروپولیٹن کا ر پو ر یشن سے تجاویز لینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔ننکانہ صاحب، قصور اور شیخوپورہ کے گرین ایریا کو بچانے کیلئے بھی ٹھوس لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔ایل ڈی اے نے وزیر اعلی پنجاب سے ماسٹر پلان کی منظوری سے قبل نہ تو جنرل ہیرنگ کے ضروری تقاضے پورے کئے نہ ہی فائنل ماسٹر پلان کی عوامی یا محکمانہ اعتراضات کے لئے تشہیر کی گئی۔اپنی محکمانہ ویب سائٹ پر بھی فائنل ماسٹر پلان اپ لوڈ نہ کیا گیا۔ماسٹر پلان 2050 میں واسا کے ماسٹر پلان کو بھی ضم کیا گیا جس میں بھی نقائص سامنے آئے ہیں اور واسا کے حوالے سے بھی محکمہ تحفظ ماحولیات کے تحفظات اپنی جگہ برقرار ہیں۔بڑی تعداد میں گرین ایریا ختم ہونے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا۔ یہ بات اہم ہے کہ لاہور میں بننے والی سینکڑوں  ہاؤسنگ سکیموں اور منصوبوں سے قبل محکمہ تحفظ ماحولیات کا این او سی لینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔نیا ماسٹر پلان والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی،روڈا کنٹونمنٹ بورڈز، ڈی ایچ اے، کوآپریٹو، ایم سی ایل، پی ایچ اے، انڈسٹریل اسٹیٹس، پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ، محکمہ صنعت،ایجوکیشن،ہیلتھ ،سٹی ٹریفک پولیس  سمیت دیگر متعلقہ محکموں سے کوآرڈینیشن نہ ہونے کے باعث ابھی سے متنازعہ بن گیا ہے۔ایل ڈی اے نے محکمہ ہاوسنگ کے علاوہ کسی اور محکمہ کی ماسٹر پلان میں تجاویز کو اہمیت دینا مناسب نہیں سمجھا ہے۔ایک فارنر کو سامنے رکھ کر ایل ڈی اے کی طرف سے ڈویلپرز کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -