ملک کی کسی بھی وزارت میں آڈیٹر تعینات نہیں 

ملک کی کسی بھی وزارت میں آڈیٹر تعینات نہیں 

  

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک کی کسی بھی وزارت میں آڈیٹر تعینات نہیں، 40 وزارتوں میں سے صرف 16 میں چیف فنانشل آفیسر موجود ہیں۔پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا جس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک کی کسی بھی وزارت میں آڈیٹر تعینات نہیں ہے، 40 وزارتوں میں سے صرف 16 میں چیف فنانشل آفیسر موجود ہیں۔پی اے سی نے آڈیٹرز کی فوری تعیناتی، تمام وزارتوں اورمحکموں میں انٹرنل آڈٹ سمیت تمام ریکارڈ آڈیٹرجنرل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا کہ تمام وزارتوں کے آڈٹ میں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے۔کمیٹی اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایف بی آر فیلڈ آفسز نے 7 ہزار کے قریب کیسز میں ویلیوایڈیشن ٹیکس وصول نہیں کیا جس سے قومی خزا نے کو2 ارب 56 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، درآمدی اور ضبط شدہ اشیا کی بغیر ٹیکس وصولی کلیئرنس کی گئی۔نور عالم خان نے کہا کہ ملوث افسران کے نام سامنے لانے چاہئیں تاکہ ان کی ترقی نہ ہو۔

پی اے سی/انکشاف

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے کی سفارش کر دی۔ پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئر مین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا جس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔چیئرمین ایف بی آر نے بریفنگ میں بتایا تمباکو سیکٹر سے سالانہ 160ارب روپے ٹیکس حاصل ہو تا ہے، 157 ارب روپے یعنی 98 فیصد ٹیکس دو ملٹی نیشنل کمپنیاں دے رہی ہیں، 20 دیگر کمپنیوں سے صرف 3 ارب روپے ٹیکس حاصل ہورہا ہے۔ سگریٹ سازی کی صنعت سے مزید60ارب روپے تک ٹیکس وصولی کی گنجائش ہے، مقامی اور درآمدی سگریٹس پر 17 فیصد جی ایس ٹی لاگو ہے، اسکے علاوہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جارہی ہے۔ بر یفنگ میں بتایا گیا ٹیئر ون سگریٹ پر فی ایک ہزار اسٹک 6500 روپے ٹیکس ہے، ٹیئر 2 سگریٹ پر فی ایک ہزار اسٹک 2050 روپے ٹیکس ہے، درآمدی سگریٹ کے فی پیکٹ پر 65 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ہے۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے کی سفارش کر دی اور کہا درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے سے 300 ارب روپے اضافی ریونیو جمع ہوسکتا ہے، مقامی اور درآمدی سگریٹ پیکٹ پر ٹیکس 41 روپے وصول کیا جارہا ہے۔چیئرمین کمیٹی نے بتایا درآمدی سگریٹ پر ٹیکس مزید بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا۔

ایف بی آر

مزید :

صفحہ آخر -