سیاست کے لبادے میں قابض گروہ آئین، جمہوریت پر حملہ آور ہے: عمران خان 

سیاست کے لبادے میں قابض گروہ آئین، جمہوریت پر حملہ آور ہے: عمران خان 

  

       اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران میں دھکیلا گیا، ہمیشہ کی طر ح لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کریگا، سوشل میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک کیا اور عوام کی آواز کو پہلے سے بڑھ کر گونج دی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کے بیانیہ کے خدوخال سمیت اہم متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا سیاست کے لبادے میں قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے، پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا، قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردعمل دیا۔عمران خان نے کہا بیرونی سازش کامیاب ہوئی تو عوام کسی تحریک کے بغیر سڑکوں پر نکلے، امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کیلئے بدترین فسطائیت کا سہارہ لیا، میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازوں کو دبا کرجبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا اظہار کی آزادی کو سلب کرنا اب سیاسی طالع آزماؤں کیلئے ممکن نہیں رہا، لازم ہے کہ کارکن حقیقی آزادی کا پیغام ہر فرد تک پہنچا ئیں۔روایتی سیاسی اہداف کے حصول کیلئے نہیں، حقیقی آزادی کیلئے نکل رہے ہیں، ملک میں فوری طور پر شفاف انتخابات مزید پیچیدگیوں سے بچا سکتا ہے۔

عمران خان

مزید :

صفحہ اول -