سرفرنگا ڈیزرٹ ریس میں پشاور کی زویہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی
پشاور(سٹی رپورٹر)سکردو میں منعقد ہونے والی سرفرنگا سرد صحرا ریس (Sarfaranga Desert Race) میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ذویہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے فرنٹیئر 4x4 کلب کی خاتون ممبر ذویہ خان اور دیگر ممبران نے چوتھی سرفرنگا سرد صحرائی ریس میں حصہ لیا تھا۔ملک بھر سے 4x4 جیپ کے شوقین افراد پر مشتمل اس جیپ ریس کی خواتین کیٹیگری میں پشاور سے تعلق رکھنے والی ذویہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ذویہ خان نے 75 کلومیٹر کا ٹریک 1گھنٹہ اور 21 منٹ میں مکمل کرکے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ذویہ خان اس سے قبل کالام، ناران سنو کراس ریلی میں شرکت کرچکی ہیں۔ سکردو میں موجود سرفرنگا صحرا دنیا کی واحد سرد صحرا ہے جہاں اس ریس کا انعقاد ہوتا ہے۔ ریس میں کامیابی پر فرنٹیئر 4x4 کے صدر بابر خان نے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صوبے میں خواتین کا اس طرح کے ایونٹس میں سامنے آنا اور پوزیشن لینا خوش آئند اقدام ہے۔ خواتین اپنی مہارت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتی ہیں۔