شاہین شاہ کے یارکر سے زخمی "گرباز "کی صحت بارے افغان کرکٹ بورڈ کا بیان آ گیا
برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن )ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی کے یارکر سے زخمی ہونے والے افغانستان کے اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز کی صحت بارے افغان کرکٹ بورڈ کا بیان سامنے آیا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ 'گرباز کو بائیں پاؤں پر گیند لگنے کے بعد سکین کے لیے بھیجا گیا تھا'، گُرباز کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہیں اور انہیں ڈاکٹرز نے صحت مند قرار دیا ہے جب کہ ان کے پاؤں کی کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی، تاہم توقع ہے کہ گُرباز انگلینڈ کے خلاف ہفتے کو ہونے والے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے‘۔
خیال رہے کہ وارم اپ میچ میں پہلے اوور کی پانچویں گیند پر شاہین نے یارکر کروایا جس پر اوپنر رحمٰن اللہ گرباز آؤٹ تو ہوئے ہی لیکن بدقسمتی سے زخمی بھی ہوگئے, بعدازاں گیم ختم ہونے کے بعد شاہین اور بابر گُرباز کی خیریت دریافت کرنے ڈریسنگ روم بھی گئے۔