پاکستان ڈٹ جائے، ایشیا ءکپ بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے: یونس خان
کراچی (ویب ڈیسک) سابق کپتان یونس خان نے ایشیاء کپ 2023 سے متعلق بی سی سی آئی کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایشیاءکپ بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے لہٰذا پاکستان کو اپنے مؤقف پر ڈٹ جانا چاہیے۔
"جیو نیوز" کے مطابق گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے قومی ٹیم کی مینجمنٹ کو مشورہ دیا کہ اگر ایشیا ءکپ کا مقام پاکستان سے تبدیل کیا جاتا ہے تو پاکستان کو خود یہ ٹورنامنٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے، اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو یہ ان کی مرضی ہے۔
یونس خان نے کہا کہ آئندہ سال ورلڈکپ بھارت میں ہونا ہے اس لیےہم نے بھی کہہ دیا کہ ہم بھارت نہیں جا رہے تو کچھ مزہ نہیں آئے گا لہٰذا درمیانی راستہ کوئی نہیں صرف کھیلنا ہے جب کہ اس کا حل صرف بھارتی بورڈ کو ہی نہیں ، ایشیئن کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کو بھی اس مسئلے پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آتا اور آئی سی سی ایشیا ءکپ کا مقام تبدیل کرتا ہے تو پاکستان کو ڈٹ جانا چاہیے اور کسی اور ملک جا کر کھیلنے سے انکار کردینا چاہیے۔