ناجائز منافع خوری کے سدباب کیلئے خصوصی اقدامات شروع
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کی مارکیٹوں میں قیمتوں کے بے لگام اضافے اور من مانے نرخوں کے خاتمے کے لیے حکومت نے جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ناجائز منافع خوری کے سدباب کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن پر روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں واضح اور نمایاں سرکاری نرخ ناموں کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے، جبکہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی ڈیزائن شدہ ریٹ لسٹیں بھی جاری کی جا رہی ہیں جن میں روزمرہ استعمال کی اشیا کے نرخ نمایاں انداز میں درج ہوں گے۔مارکیٹوں اور بڑی منڈیوں کے داخلی دروازوں پر الیکٹرانک نرخ بورڈز نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جن پر اشیائے ضروریہ کی روزانہ اپ ڈیٹ ہونے والی قیمتیں درج کی جائیں گی۔ تاکہ عوام کو حقیقی نرخوں سے باخبر رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہریوں میں قیمتوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے عوامی معلوماتی مہم بھی شروع کر دی ہے۔ شہر کی بڑی مارکیٹوں میں نرخ ناموں کی نمایاں آویزاں کے ساتھ ساتھ ٹیمیں قیمتوں کی چیکنگ کے لیے سرگرم عمل رہیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اوورچارجنگ یا ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری جرمانے، گرفتاریوں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
