سموگ کی روک تھام،ہیوی وہیکلز گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند

    سموگ کی روک تھام،ہیوی وہیکلز گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نیوز  رپورٹر) پنجاب حکومت نے سموگ اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر تعمیراتی میٹریل لے جانے والے ٹرکوں اور ٹرالیوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ہیوی وہیکلز کا شہر میں داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ماحولیاتی تحفظ کے محکمے  کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جائے گا جبکہ اوورلوڈڈ ٹرالیوں اور کھلے میٹریل لانے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کارروائی ہوگی۔ ریت، بجری، مٹی اور سیمنٹ جیسا تعمیراتی سامان بغیر ترپال ڈھانپے سڑکوں پر لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ای پی اے فورس نے لاہور کے تمام داخلی راستوں پر چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جہاں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی بندش کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب ڈسٹ زونز اور تعمیراتی مقامات پر واٹر سپرنکلنگ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

 تاکہ اڑتی ہوئی گردوغبار کو کم کیا جا سکے۔واسا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے رات کے اوقات میں سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق شہر میں گردوغبار پر قابو پائے بغیر سموگ کا خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انسدادِ سموگ اقدامات پر عملدرآمد کی روزانہ رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے سموگ سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا اور واضح کیا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔