سیاحت کے فروغ کیلئے لاہور سے شیخوپورہ 2ڈبل ڈیکر بسوں کاآغاز
لاہور،جنڈیالہ شیرخان(نیوز رپورٹر،نمائندہ پاکستان) حکومت پنجاب نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاہور سے شیخوپورہ ڈبل ڈیکر بس سروس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ دو ڈبل ڈیکر بسوں پر مشتمل یہ سروس پنجاب ٹورازم اینڈ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، جو ہفتہ اور اتوار کو لاہور سے شیخوپورہ کے تاریخی اور ثقافتی مقامات تک سیاحوں کو لیکر جائیگی۔محکمہ سیاحت کے مطابق بس سروس کیلئے فی کس کرایہ 1200 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ پہلے ٹور میں سیاحوں نے پیر وارث شاہ کے مزار اور ہرن مینار کا دورہ کیا۔ اس دوران سیاحوں کیلئے بوٹنگ، سائیکلنگ اور ہیر خوانی کی خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے گھومنے والوں کی دلچسپی کو دوبالا کر دیا۔سیاحوں نے ڈبل ڈیکر سروس کے آغاز کو شیخوپورہ میں ٹورازم کے فروغ کا تاریخی اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف لاہور اور شیخوپورہ کے درمیان ثقافتی رابطے کو مضبوط کریگا بلکہ صوبے کے اندرون علاقوں کی ورثائی شناخت کو بھی نمایاں کریگا۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ ضلع شیخوپورہ کو سیاحتی حب میں بدلنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم صدف ظفر کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور ثقافتی ورثے کی ترویج کیلئے خصوصی مواقع پیدا ہوں گے۔محکمہ سیاحت کے مطابق آئندہ مرحلے میں شیخوپورہ کے مزید تاریخی مقامات کو بھی ٹور میں شامل کیا جائے گا، جبکہ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ڈبل ڈیکر بس
