جوڈو کے مختلف ایونٹس کے شیڈول میں تبدیلی

جوڈو کے مختلف ایونٹس کے شیڈول میں تبدیلی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے ساتویں قومی سینئر، تیسری جونیئر اور دوسری بین الصوبائی ویمن جوڈو چیمپیئن شپ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے نئے شیڈول کے مطابق چیمپیئن شپ 4 سے 8 نومبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ پہلے یہ ایونٹس 8 سے12 اکتوبر تک لاہور میں ہونے تھے تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر ان ٹورنامنٹس کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ساتویں قومی سینئر، تیسری جونیئر اور دوسری بین الصوبائی ویمن جوڈو چیمپیئن شپ4 سے 8 نومبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔ مسعود احمد خان نے بتایا کہ نئے شیڈول کے مطابق دوسری بین الصوبائی ویمن جوڈو چیمپیئن شپ 4 نومبر کو نیشنل سٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔ اس ایونٹ میں تمام صوبوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی اسی طرح تیسری جونیئر جوڈو چیمپیئن شپ 5 نومبر کو لاہور میں کھیلی جائے گی جس میں تمام صوبوں اور مختلف ڈیپارٹمنس کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جبکہ ساتویں نیشنل سینئر جوڈو چیمپئن شپ 6 سے 8 نومبر تک کھیلی جائے گی جس میں چاروں صوبوں، فاٹا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، پاکستان آرمی، واپڈا، ریلوے، پولیس، نیوی اور ایچ ای سی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی