یورو باسکٹ بال چیمپئن شپ : لتھوانیا سربیا کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
لندن(آن لائن)یورو باسکٹ بال چیمپئن شپ میں لتھوانیا کی ٹیم نے سربیا کو شکست دے دی اور فائنل میں جگہ بنا لی فائنل میں لتھوانیا کا مقابلہ سپین سے ہو گا۔ فائنل میں پہنچنے سے سپین اور لتھوانیا آئندہ ریوڈی جنیرو اولمپکس کھیلوں میں بھی جگہ بنا چکے ہیں۔لتھوانیا نے ٹورنامنٹ کے دوران اوسطاً ہر میچ میں اٹھاسی پوائنٹس سکور کرنے والی ٹیم کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے اٹھائیس کوششوں میں صرف چھے بار تین تین پوائنٹس کرنے دیئے۔لتھوانیا کی ٹیم نے ٹورنا منٹ میں اب تک ناقابل شکست سرب ٹیم کے میلوس ٹیوڈوسج کی ایک نہ چلنے دی۔ ٹیوڈوسج کے سولہ اور بجلیکا کے دس پوائنٹس بھی سرب ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔فائنل لیلیز سٹیڈیم میں ہوگا جس میں ستائیس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ کانسی کے تمغے کیلئے میچ فرانس اور سربیا میں ہو گا۔