بھارت روس کو چائے کی برآمدات بڑھانے پر آمادہ

بھارت روس کو چائے کی برآمدات بڑھانے پر آمادہ

ماسکو (اے پی پی) بھارت نے روس کو چائے کی برآمدات بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق چائے کی دس بڑی بھارتی کمپنیوں نے ’’ورلڈ فوڈ ماسکو 2015‘‘ نامی بین الاقوامی نمائش میں حصہ لیا جو 13 سے 15 ستمبر تک ماسکو میں منعقد ہوئی۔ نمائش میں شریک انڈین ٹی ایسوسی ایشن کے ایڈیشنل سیکرٹری و بھارتی وفد کے رہنما ایس پاترا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمارا بزنس پروگرام اتنا بڑا تھا کہ ہمیں در اصل ماسکو کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں مل۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مصمم ارادہ تھا کہ روسی کمپنیوں سے بھارتی چائے کی درآمد بڑھانے کی تجویز پیش کریں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت روس بھارت سے سالانہ 40 تا 50 ہزار ٹن چائے خریدتا ہے۔ایس پاترا نے کہا کہ ہم روسی منڈی میں اپنی کارروائیاں وسیع پیمانے پر بحال کرنا چاہتے ہیں۔ کمپنی 'شاہ براڈرز' کے سربراہ ایس بی شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ 12 مہینوں میں مالیاتی بحران کی وجہ سے روس کو بھارتی چائے کی فراہمی میں کمی ہوئی ہے۔ ایس پاترا نے کہا کہ بھارت اگلے چند سالوں کے اندر روس کو چائے کی فراہمی میں 10 ہزار ٹن کا اضافہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایس پاترا نے روسی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرکے کہا کہ ہم لوگ ٹھوس سمجھوتوں پر دستخط کرنے کیلئے ایک بار پھر ماسکو ضرور آئیں گے۔

مزید : کامرس