اردن، دفاع قبلہ اول کیلئے عظیم الشان ریلی کا انعقاد ، ہزاروں افراد کی شرکت

اردن، دفاع قبلہ اول کیلئے عظیم الشان ریلی کا انعقاد ، ہزاروں افراد کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


عمان (این این آئی) اردن کے دارالحکومت عمان میں مسجد اقصیٰ کے دفاع کیلئے عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مسجد اقصیٰ پریہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فوج کی یلغار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالم اسلام سے قبلہ اول کے دفاع کیلئے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق قبلہ اول سے یکجہتی ریلی کی کال اردن کی مذہبی اور سیاسی تحریکوں، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں کی انجمنوں کی جانب سے دی گئی تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر قبلہ اول کی تقسیم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے صہیونی فوج کی بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کیخلاف وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بیت المقدس کے باشندوں کو صہیونی ریاستی دہشت گردی سے تحفظ دلانے کا مطالبہ کیا۔ عمان میں منعقدہ ریلی کے شرکاء نہایت جذباتی تھے اور ان کی جانب سے مسجد اقصیٰ زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج رہی تھی۔ مظاہرین نے مسجد اقصیٰ کے دفاع کا ہراول دستے کا کردار ادا کرنیوالے بیت المقدس کے باشندوں کیساتھ مادی اور معنوی مدد کا بھی مطالبہ کیا اور ساتھ ہی بیت المقدس سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے حق میں نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے کے مقررین نے مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جارحیت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے۔ ریلی کے آخر میں منظور کی گئی قرارداد میں عالم اسلام کی جانب سے دفاع قبلہ اول کیلئے موثراقدامات نہ ہونے پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا گیا اور مسلم دنیاسے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

مزید :

عالمی منظر -