رواں ماہ کے بجلی بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں،جمشید چیمہ

رواں ماہ کے بجلی بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں،جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ رواں ماہ آنے والے بجلی کے بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا کر رکھ دی ہیں،عالمی مالیاتی اداروں سے قرضے کے حصول کے لئے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے ، حلقہ این اے 122کی عوام نے 11اکتوبر کو پولنگ سے قبل ہی پی ٹی آئی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔این اے 122میں انتخابی مہم کے دوران گفتگوکرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت قرضے لے کر معیشت چلا رہی ہے جس کا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔آج پاکستان میں ہر نومولود مقروض پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تیور بتاتے ہیں کہ اگر انہیں عالمی مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول کیلئے عوام کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگانا پڑے تو اس سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز کی مد میں ایک بڑی رقم ادا کر رہے ہیں لیکن پھر بھی عوام کو رواں ماہ اضافی بل بھجوائے گئے ہیں اور اس میں موجود اضافی رقم کی شرح 60سے 70فیصد بنتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بدعائیں دے رہے ہیں اور ان سے نجات کی دعائیں مانگی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122میں چلنے والی ہوا کے رخ نے پیشگی نتائج کا اعلان کر دیا ہے اور اسی وجہ سے (ن) لیگ کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1