یوسی 109مرغزار کالونی سے پیپلز پارٹی کلین سویپ کریگی،امجد اعوان

یوسی 109مرغزار کالونی سے پیپلز پارٹی کلین سویپ کریگی،امجد اعوان

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کی یونین کونسل 109مرغزار کالونی منصورہ ملتان روڈ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے چیئرمین کے امید وار امجد علی اعوان اوروائس چیئرمین کے امیدوار رانا سرفراز یوسف ایڈووکیٹ نے کہا کہ 31اکتوبر کو لوٹوں اورنوٹوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے اوراس یونین کونسل سے پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیا ب ہوں گے وہ گزشتہ روز’’پاکستان فورم‘‘میں اظہارخیال کر رہے تھے اس موقع پر دیگر راہنما یونین کونسل 109میں پیپلز پارٹی کے صدر رانا محمد یوسف اورزونل سیکرٹری اطلاعات پیر محبوب ربانی بھی موجود تھے۔چیئرمین کی نشست کے امیدوار امجد علی اعوان نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی عوامی جماعت ہے بلاول بھٹو زرداری کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔بھٹو شہید اوربی بی شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے یوسی 109مرغزار کالونی کا علاقہ صدرمحمد یوسف خان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اوربے نظیر شہید نے ملک وقوم کی خاطر اپنی جا نوں کے نذرانے پیش کر دیے لیکن اصولوں پر سودے بازی نہ کی اورنہ ہی ملک سے بھاگ کر جدہ گئے۔انہوں نے کہا کہ یو سی 109مرغزار کالونی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ہمارے سیاسی مخالفین نے مرغزار الحمد پارک گوشہٗ احباب اوردیگر علاقوں کے قبرستانوں ،پارکوں ،سکولز کی جگہ بیچ کر اپنی جائیدئدادیں بنا لی ہیں۔امیدواربرائے وائس چیئرمین رانا سرفراز یوسف ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے سابقہ دور میں اس علاقہ میں بجلی سوئی گیس فراہم کی اورسڑکوں کے جال بچھائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم علاقے کی بہتر ترقی اورخوشحالی کے جذبے کے تحت قبضہ مافیا کا مقابلہ کرنے کیلئے میدان عمل میں آئے ہیں۔ یوسی109کے صدر رانا محمد یوسف خان زون160کے سیکرٹری اطلاعات محبوب ربانی نے کہا کہ ہم نے انتخابی مہم بھرپور طریقے سے شروع کر دی ہے۔پارٹی کی تمام علاقائی تنظیموں کو فعال بنا یا جا رہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1