این اے 122کے عوام11اکتوبر کو حقائق دیکھ کر فیصلہ کرینگے،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے این اے122سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی حکومت پہلے ہاف ٹائم میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے،صرف ایک نہیں، سارا حکومتی جہاز ہی ہچکولے کھا رہا ہے جس پر کرپشن اور عوام سے کیے ہوئے وعدوں کا بوجھ ہے جنہیں کسی بھی طرح پورا نہیں کیا گیا ۔عبدالعلیم خان نے باجا لائن ،واشنگ ایریا اور یونین کونسل 123کی وارڈ نمبر2میں رانا محمد سلیم کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے122کے عوام 11اکتوبر کو حقائق دیکھ کر فیصلہ کرینگے کہ اس علاقے کی بہتری اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے نواز لیگی اراکین اسمبلی نے گذشتہ 8برسوں میں کیا کِیا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی مشینری نے تحریک انصاف کے خلاف پراپیگنڈہ مہم شروع کر رکھی ہے اور آئے دن نئے الزامات لگائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ ایاز صادق اور محسن لطیف عوام کے سامنے اپنی کارکردگی رکھیں اور بتائیں کہ انہوں نے اس علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے کون سے وعدے پورے کیے ہیں؟ پی ٹی آئی کے این اے122سے اُمیدوار قومی اسمبلی اور پی پی147سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی نے یو نین کونسل 123کی وارڈ نمبر 2میں ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم میں حصہ لیا جہا ں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے کبوتر چھوڑے اور گل پاشی کی ،رانا محمدسلیم ،منور بیگم ،ناصر جٹ ،منظور حسین ،لالہ مظفر ،راؤ خرم اور لالہ حنیف نے تحریک انصاف کے اُمیدوارں کو اپنی بھرپور حمائت کا یقین دلایا۔ دریں اثناء این اے122کے باجا لائن کے علاقے سے نواز لیگی رہنماؤں مرزا اختر بیگ ،مزمل شاہ ،منظور جٹ،محمد خان پٹھان اور مجید ڈاکٹر نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کر کے انہیں اپنے تمام ساتھیوں سمیت بھرپور حمایت اور11اکتوبر کو تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔