سیاسی موسم بدل رہا ہے، عمران خان گھر سے نہ نکلیں،رانا ثناء اللّٰہ

سیاسی موسم بدل رہا ہے، عمران خان گھر سے نہ نکلیں،رانا ثناء اللّٰہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ لاہور اور لودھراں میں ن لیگ کی ہوائیں چل پڑی ہیں، سیاسی موسم بدل رہا ہے لہٰذاعمران خان گھر سے نہ نکلیں۔ رانا ثناء اللہ خان نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یقینی شکست کے خوف سے گھبرا کر بے بنیاد الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ دراصل تحریک انصاف الزام تراشی کر کے شکست سے چھپنا چاہتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی سے قومی یکجہتی کو پامال کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزام سیاسی اقدار کے منافی ہیں۔ عمران خان ہر معاملے میں اپنی مرضی کا انصاف اور اپنی ہی مرضی کا فیصلہ چاہے ہیں۔سوال یہ ہے کہ جس سیٹ پر پی ٹی آئی جیت گئی وہاں دھاندلی کیوں نہیں ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان پولیس پر الزام تراشی کر کے شکست کی خفت سے بچنا چاہتے ہیں۔ لاہور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور رہے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست تسلیم کرنا سیکھیں۔ یہی جمہوریت ہے اور جمہوری اقدار کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر انگلیاں کھڑی کرنے والے خیبرپختونخوا میں کرپشن کرنے والوں کو کیوں بھول جاتے ہیں۔؟ خیبرپختونخوا کے لوگ پی ٹی آئی گورنمنٹ کے عہدیداروں کی کرپشن سے سخت نالاں نظر آتے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر