صوبائی دارالحکومت ‘بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پرشہری کیخلاف مقدمہ درج

صوبائی دارالحکومت ‘بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پرشہری کیخلاف مقدمہ ...

لاہور (آئی این پی) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار ،پولیو ٹیم کے ساتھ بدتمیزی اور ہراساں کرنے کے الزام میں شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن کے جے بلاک کے رہائشی ثاقب کے گھر جب پولیو ٹیم بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیئے پہنچی تو ملزم ثاقب نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا اور پولیو ٹیم کے ارکان کے ساتھ بد تمیزی کر کے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش بھی کی ۔واقع کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ملک فیصل ملک موقع پر پہنچے اور ماڈل ٹاؤن پولیس کو موقع پر بلا لیا ۔ملزم ثاقب پولیس کے آنے سے پہلے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ملک نے پولیس کو استغاثہ جمع کروایا کہ ملزم ثاقب کے خلاف پولیو ٹیم کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں ہراساں کرنے اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے پر مقدمہ درج کیا جائے۔ جس پر ماڈ ل ٹاؤن پولیس نے ملزم کیخلاف 186،269اور270کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر