شمالی قبائلی علاقے میں حکومت کی رٹ بحال ہو چکی ،جلیل عباسی جیلانی

شمالی قبائلی علاقے میں حکومت کی رٹ بحال ہو چکی ،جلیل عباسی جیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف)شمالی قبائلی علاقے میں حکومت کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔ ضرب عضب اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکاہے اور دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں تشدد کی وارداتوں میں 80فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفیر جلیل عباسی جیلانی نے واشنگٹن کے سفارت خانے میں پاکستان کے 50ویں یومِ دفاع کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کے ذریعے ان شہداء کی یاد تازہ کی گئی جنہوں نے 1965ء کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس استقبالیہ میں امریکی حکومت کے اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور دیگر اتحادی ممالک کے سفارتی اور فوجی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے امریکی کانگریس مین جیری کو نولی نے بھی خطاب کیا اور ڈیفنس اٹیچی بریگیڈئیر چودھری سر فراز علی نے خیر مقدمی کلمات ادا کئے۔ سفیر جیلانی نے اپنے خطاب میں مزید بتایا کہ ضرب عضب کے نتیجے میں تقریباً دس لاکھ افراد کو گھر چھوڑنا پڑا اور اب ان کی گھروں میں دوبارہ آباد کاری کا کام شروع ہو چکا ہے۔ پاکستانی افواج کی ملک وقوم کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی حملوں کے خلاف دفاع اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ شاہراہ قرا قرم کی تعمیر سمیت تمام مشکل ترقیاتی کاموں اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے میں فوج ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قیام امن کی فورس میں پاکستانی فوج کا بہت حصہ رہا ہے۔ اب تک پاکستانی فوج اس مشن کے تحت دنیا بھر کے 23شہروں میں 41منصوبوں میں شریک ہو چکی ہے۔ پاکستانی قوم در پیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کا تہیہ کر چکی ہے انہوں نے امریکہ کی پاکستان کے لئے فر ا خدلانہ امداد کا بھی پوری طرح اعتراف کیا۔

مزید :

صفحہ اول -