سانحہ بڈھ بیر، فضاء سوگوار، شہدا آبائی علاقوں میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

سانحہ بڈھ بیر، فضاء سوگوار، شہدا آبائی علاقوں میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جڑانوالہ،فیصل آباد،پشاور/اسلام آباد (بیورورپورٹ،اے این این ) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیرمیں پاک فضائیہ کے کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں سمیت تمام افراد آبائی علاقوں میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،ملک بھر میں فضا سوگوار،شہداء کی تدفین میں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام کی شرکت،میتوں کو سلامی دی گئی، واقعہ کا مقدمہ 14نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن 8افغانوں سمیت 28مشتبہ افراد گرفتار،بڈھ بیر میں تعلیمی ادارے28ستمبر تک بند کر دئیے گئے،حساس اداروں اور ایف آئی اے کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے،دہشتگردوں کے پاس جدید ترین جنگی ہتھیاروں سمیت28کلو گرام آئی ای ڈیز بھی تھیں ۔تفصیلات کے مطابق بڈھ بیر پاک فضائیہ کیمپ پر حملے میں شہید ہونے والوں میں پانچ کا تعلق میانوالی سے تھا جن میں جونیئر ٹیکنیشن طارق عباس ٗ سینئر ٹیکنیشن ندیم ٗ کارپورل ٹیکنیشن خالد ٗ کارپورل ٹیکنیشن عامرشہزاد اور کارپورل ٹیکنیشن کامران شامل ہیں جبکہ جونیئر ٹیکنیشن شان علی شوکت رحمت آباد کالونی فیصل آباد ٗ جونیئر ٹیکنیشن ثاقب ٹانک ٗ چیف ٹیکنیشن سردار عثمان خیل بونیر ٗ چیف ٹیکنیشن منیر گاؤں کالس تحصیل کھاریاں ضلع گجرات ٗ کارپورل ٹیکنیشن آصف سرگودھا ٗ کارپورل ناصر کلر کہار چکوا ل ٗ کارپورل ٹیکنیشن عاصم سرکار گڑھ ضلع نارووال ٗ کارپورل ٹیکنیشن عمران جہانیاں ٗ کارپورل ٹیکنیشن افضل گاؤں مبارک پور ملتان ٗ سٹینو گرافر اسرار اللہ گڑھی کپورہ کوٹ دولت زئی مردان ٗ ڈرائیور حسین محلہ عثمان زئی پشاور ٗ باورچی زین خان اور باورچی کریم خان بڈھ بیر پشاور ٗ مالی جاوید احمد پور سیال شورکوٹ اور ملازم آصف پنڈی گھیب اٹک کا رہائشی تھا۔ پاک فوج کے کیپٹن اسفندیار کو اٹک،سپاہی صہیب،پیش امام فضل امین مردان،نائیک محمد عمران صادق آباد،نائیک طارق ،نائیک منظور کو بھی آبائی علاقوں میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔اس موقع پر پاک فوج اور فضائیہ کے اعلیٰ حکام اور چاک و چوبند دستوں نے آبائی علاقوں میں ہونے والی نماز جنازہ میں شرکت کی اور فوجی دستوں نے شہداء کی میتوں کو سلامی دی جبکہ تدفین کے بعد شہداء کی قبروں پر مسلح افواج،آرمی چیف،صدر اور وزیر اعظم کی طرف سے پھول چڑھائے گئے ۔ پشاور حملے میں جاں بحق ہونے والے سول نمازیوں آصف،سیف اللہ،جاوید اور سعد کو پشاور میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔کیپٹن اسفند یار کی تدفین ان کے بھائی کی برطانیہ سے آمد کے بعد کی گئی۔دریں اثناء سانحہ بڈ بیر کا مقدمہ14نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف کیمپ انچارج کمانڈنٹ فلایٹ لیفٹیننٹ حسین محمد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے پشاور ایئربیس کیمپ بڈھ بیر پر دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والوں میں فیصل آباد کے محلہ رحمت آبادحاجی آباد کے رہائشی ٹیکنیشن شان شوکت علی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد حاجی آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی میت فیصل آباد پہنچی توسی ایم سی ہائی سکول حاجی آباد میں نماز جنازہ کا اہتمام کیا گیا جہاں شہید زیر تعلیم رہا صبح ساڑھے آٹھ بجے نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں بیس کمانڈر ونگ کمانڈر مزمل جبراں‘سکوارڈن لیڈر خالد سعید‘ سکوارڈن لیڈر عثمان ارشد اور دیگر فوجی افسران اور علاقہ کے عوام معززین ایم این اے رانا افضل نے بھی شرکت کی ۔اسی طرح لنڈیانوالہ کے چک 627گ. ب کے رہائشی پی اے ایف کے ٹیکنیشن زین علی شاہ کی میت بھی ان کے آبائی گاؤں لائی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سکوارڈن لیڈر خالد سعید اور پی اے ایف کے دیگر افسروں کے علاوہ شہید کے عزیز و اقارب اور علاقہ کے لوگوں نے شرکت کی ۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دونوں شہدا کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا. بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملے کے وقت دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار کی نماز جنازہ اٹک میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔ تدفین ان کے بھائی کی برطانیہ سے آمد کے بعد کی گئی۔صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد ، اسٹیشن کمانڈر اٹک بریگیڈئر فیاض مغل ڈ ی سی او اٹک چوہدری حبیب اللہ ، اور دیگر اعلیٰ عسکری اور سول شخصیات سمیت سیاسی، سرکاری ، غیر سرکای ، سماجی ، تعلیمی اور شہری تنظیموں کے افراد کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت۔صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے شہید کی قبر پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر نماز جنازہ کے بعد لوگوں نے پاکستان زندہ باد اور دہشتگردوں کے خلاف نعرے لگائے۔اس موقع پر سکیورٹی سخت تھی اور شرکاء کی تلاشی کے لئے واک تھرو گیٹس لگائے گئے تھے۔

مزید :

صفحہ اول -