عمران خان انارکی چاہتے ہیں،ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کرنے پر دنگل ہو گا :پرویز رشید

عمران خان انارکی چاہتے ہیں،ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کرنے پر دنگل ہو گا :پرویز ...
عمران خان انارکی چاہتے ہیں،ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کرنے پر دنگل ہو گا :پرویز رشید

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابی عمل کے بجائے انارکی چاہتے ہیں اور اگر عمران خان نے ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کی تو پھر دنگل ہی ہو گا ۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن وہ مخالفین کے ہاتھ باندھنا چاہتے ہیں تو پھر انتخابات کرانے کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے کی سیکیورٹی پر حکومت کے اربوں روپے خرچ ہوئے، یہ اربوں روپے تعلیم اور صحت کی سہولتوں پر خرچ ہو سکتے تھے۔

عمران خان نے کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی انتخابی مہم چلائی لیکن کبھی وزیراعظم اور وزراءنے شرکت نہیں کی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بجٹ سیشن کے دوران کسان پیکج دینے کا وعدہ کیا تھا۔ وزیراعظم بات کرنے سے پہلے اپنا ہوم ورک کرتے ہیں۔ کسان پیکج پر تیاری کی جا رہی تھی۔ وزیراعظم کا کسان پیکج پورے پاکستان کے کسانوں کے لئے ہے۔ بنی گالا میں اگر کوئی کاشت کاری ہوتی ہے تواس کے لئے بھی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب پڑوسی ملک بھی دہشتگردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے ڈو مورکا مطالبہ کرتے ہیں۔ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں ۔دہشت گردی کے حالیہ واقعے کے ثبوت افغانستان کے سامنے پیش کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان نمازیوں کو شہید نہیں کرسکتا ۔ملک میں چھپے دہشت گردوں کے ہمدردوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

کراچی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں تاجروں نے واپس آنا شروع کردیا ہے اور اب کراچی میں ایک بار پھر تجارتی عمل تیز سے چلنا شرو ع ہو گیا ہے ۔دہشت گرد کراچی کے امن کو داغ لگاناچاہتے ہیں لیکن شہر میں جاری آپریشن سے امن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے ۔بچے کچھے دہشت گرد میڈ یا کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ان دہشت گردوں کا ملک کے کونے کونے میں کیا جائے گا اور ان کے پیچھے پاتال بھی جائیں گے ۔

مزید : قومی