ٹیوٹا ایک سال میں16ہزار نوجوانوں کو سیکورٹی گارڈز کی تربیت دیگی

ٹیوٹا ایک سال میں16ہزار نوجوانوں کو سیکورٹی گارڈز کی تربیت دیگی

  

لاہور (پ ر): ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ایک سال کے دوران16ہزار بیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے مفت تربیت دے گی۔پہلے مرحلے میں 5ہفتے دورانیہ کورس میں 2ہزار نوجوانوں کو 15شہروں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس ٹریننگ پروگرام کا آغاز وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے کیونکہ تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈزکی دستیابی سے نہ صرف صوبہ میں جرائم میں کمی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کورس کو شروع کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ اس کورس کے آغاز کا مقصد سکیورٹی کمپنیوں اور نیشنل و ملٹی نیشل اداروں کے علاوہ عرب ممالک کو تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز فراہم کرنا ہے۔ بیرون ملک بہت سے ادارے ٹیوٹا سے تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈزکی دستیابی کیلئے رجوع کر رہے ہیں۔یہ کورس لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، راوالپنڈی، اٹک، شیخوپورہ، فیصل آباد، میانوالی، ملتان، سرگودھا، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور رحیم یار خان میں واقع 20ٹیوٹا اداروں میں شروع ہو چکاہے۔ اس کورس کو شروع کرنے کیلئے محکمہ داخلہ، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی معاونت حاصل کی گئی ہے ۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ اس کورس میں داخلے کیلئے عمر کی حد 18سے 45سال ہے۔ داخلے کیلئے سپیشل برانچ کی کلیئرنس مشروط ہے۔ دوران تربیت مفت ٹریننگ میٹریل کے علاوہ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک پاس جبکہ ایف اے اور زیادہ قابلیت والوں کو ترجیح ہے۔ ٹیوٹا اور ہو م ڈیپارٹمنٹ کامیاب امیدواروں کومشترکہ سرٹیفکیٹ فراہم کرینگے۔ ٹیوٹا کے تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈزملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

مزید :

کامرس -