ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع سے اعتماد سازی ہوگی‘ لاہور چیمبر

ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع سے اعتماد سازی ہوگی‘ لاہور چیمبر

  

لاہور(این این آئی ) لاہور چیمبرکے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبرتک توسیع کریں جو صرف تاجر برادری ہی نہیں خود حکومت کے مفاد میں بھی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، احتجاج، عید کی طویل چھٹیوں، ایف بی آر کے آن لائن سسٹم میں خرابیوں اور ستمبر میں تاجر تنظیموں کے انتخابات کی وجہ سے تاجر برادری کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فوری جمع کروانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع سے حکومت کو اپنے ریونیو اہداف پورے کرنے میں مدد ملے گی اور نجی شعبے کو بھی سہولت ملے گی جس سے اس کا اعتماد بھی بڑھے گا ، معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی بہت ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن میں توسیع سے ایک بہت اچھا پیغام یہ بھی جائے گا کہ حکومت تاجر برادری کو بھرپور عزت و احترام دیتی اور اسے سہولیات دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کو تیار ہے، لامحالہ اس کے اثرات تجارت و سرمایہ کاری پر بھی مرتب ہونگے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں فوری توسیع کا اعلان کریں۔

مزید :

کامرس -