ضروریات سے زائد گندم برآمدکرکے زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے،احمد جواد

ضروریات سے زائد گندم برآمدکرکے زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے،احمد جواد

  

اسلام آباد (اے پی پی) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت ( ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے ہارٹی کلچر و زراعت کے چیئرمین احمد جواد نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں 9.923 ملین ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور ملکی ضروریات سے زائد گندم کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے جس کے لئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد جواد نے بتایا کہ گندم کی برآمدات کے لئے مشرق وسطیٰ کے ممالک بہترین منڈی ثابت ہوسکتے ہیں اور سال 2016-17ء کے سیزن کے دوران صرف متحدہ عرب امارات میں 10لاکھ ٹن گندم کا استعمال متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی ریاستوں کو گندم برآمد کرکے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے گا بلکہ گندم کے ذخائر کو نقصان سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گندم کی نئی فصل آنے سے قبل زائد از ضرورت سٹاک کی برآمد انتہائی اہم مسئلہ ہے جس کے لئے اعلیٰ سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزید :

کامرس -