شوبز رائونڈ اپ

شوبز رائونڈ اپ

  

میگھا کی تھیٹرپرواپسی ڈرامہ ’’کڑیاں وائی فائی‘‘میں شاندارپرفارمنس

فلم ٹی وی اور سٹیج کی معروف اداکارہ،ماڈل اور پرفارمرقتالہ سٹیج میگھا عید کے دن سے شالیمار تھیٹر میں پیش کئے جانے والے ڈرامہ’’کڑیاں وائی فائی‘‘ میں پرفارم کررہی ہیں ان کی پرفارمنس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ان کی تھیٹر پر واپسی انتہائی شاندار انداز میں ہوئی ہے ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے میگھا نے کہا کہ میری سٹیج پر واپسی دھماکے دار انداز میں ہوئی ہے اس پر اپنے رب کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے ۔میں واپسی کی خصوصی تیاری کرکے آئی ہوں ۔میں نے نئے ڈریسز اور ڈانس آئٹم تیار کئے ہیں میرے پرستاروں نے جس والہانہ انداز میں میرا استقبال کیا ہے اس پر ان کا دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں کسی بھی فنکار کا شہرت حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن اس کو برقرار رکھنا اس سے زیادہ مشکل ہوتا ہے ۔

اچھی خان نے کراچی میں عید میلہ لوٹ لیا

لالی ووڈ کے سینئر اداکار اچھی خان نے سٹیج ڈرامہ ’’بے بی کو بکرا پسند ہے‘‘اپنی زبردست پرفارمنس سے کراچی میں عید میلہ لوٹ لیا۔ اچھی خان نے کہا ہے کہ ’’بے بی کو بکرا پسند ہے‘‘ میں میری پرفارمنس کو سوچ سے زیادہ پذیرائی ملی ہے۔اس ڈرامے کے ڈائریکٹر نذر حسین ہیں۔میرے علاوہ اس ڈرامہ میں ذاکر مستانہ سمیت کراچی کے مقامی فنکار کام کررہے ہیں۔میں عرصہ دراز بعدکراچی میں کسی سٹیج ڈرامہ میں پرفارم کرتا ہوا نظر آرہا ہوں۔میں ان فن فنکاروں میں شامل ہوں جنہوں فلم،ٹی وی اور سٹیج تینوں شعبوں میں کام کیا ہے ۔نئے فنکاروں کی بنیادی تربیت کے لئے فلم،ٹی وی اورسٹیج بہترین درس گاہ ہیں۔

گلوکاری کے شعبے میں نئے لوگوں کی آمد سے خوشگوار تبدیلی آئی ،عروج علی

معروف اداکارہ،پرفارمر اورگلوکارہ عروج علی نے کہا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے لوگ ہمیشہ عزت پاتے ہیں۔عروج علی نے کہا کہ گلوکاری کے شعبے میں نئے لوگوں کی آمد سے ایک خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے ۔اس ال عید کے موقع پر مختلف چینلز کے شوزمیں شرکت کی اور تمام شوز میں میری پرفارمنس کو بے حد سراہا گیا۔ہر طرح کے گانے شوق سے گاتی ہوں ۔ پاپ میوزک شروع سے ہی میرا پسندیدہ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام زندگی میں سادہ طبیعت کی مالک ہوں ، کم بولتی ہوں اور سچ بولنے والے لوگ اچھے لگتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پرموشن نہ ہونے کے برابر ہے ۔ آج کل میں باقاعدگی سے ریاض کررہی ہوں۔

فلم انڈسٹری کی تباہی میں غیر سنجیدہ لوگوں کا ہاتھ ہے،صباء کاظمی

اداکارہ وماڈل صباء کاظمی نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی تباہی میں غیر سنجیدہ لوگوں کا ہاتھ ہے جو لوگ اس کام کو جانتے نہیں وہ کرتا دھرتا بنے بیٹھے ہیں۔پروڈیوسر یار محمد صابری کی جرمنی میں بنائی جانے والی فلم میں منفرد کردار میں نظر آؤں گی۔اس فلم کی شوٹنگ کے لئے جلد جرمنی جا رہی ہوں ۔یار محمد صابری دیار غیر میں رہتے ہوئے بھی اپنے ملک کی فلم انڈسٹری کی ترقی کے خواہاں ہیں۔وہ پروفیشنل سوچ کے حامل انسان ہیں انہوں نے جب مجھے میرا رول سنایا تو میں نے فوری طور پر فلم میں کام کی حامی بھرلی۔اس فلم کا نام تاحال فائنل نہیں ہوا البتہ شوٹنگ شیڈول فائنل ہوتے ہیں یار محمد صابری ایک شاندار اور پروقار تقریب میں اس کے نام کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صباء کاظمی نے کہا کہ فلمی مافیا اب ٹی وی تباہی کے لئے سرگرم ہے ۔صباء کاظمی نے کہا کہ اب تمام فلم میکروں کو چاہیے کہ وہ اس انڈسٹری کے لئے معیار کو ترجیح دیں انہوں نے کہا کہ میں خود بھی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بھارت جا کر گلیمرس کام کرنے والی اداکاراؤں کے بارے میں بہت وا ویلا کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں موجود اداکارائیں گلیمر کے نام پر جو کچھ کررہی ہیں وہ نا قابل بیان ہے ۔

کامیڈین طاہر انجم کی اپنے صاحبزادے کے ہمراہ وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات

کامیڈین طاہر انجم نے گزشتہ دنوں اپنے صاحبزادے کے ہمراہ وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر طاہر انجم نے وزیر اعظم کو سٹیج کے مسائل سے آگاہ کیا ۔نواز شریف نے ان کے تمام جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔

سب سے زیادہ عید شوز میں پرفارمنس لائبہ علی کا منفرد ریکارڈ

معروف اداکارہ،ماڈل وکلاسیکل ڈانسر لائبہ علی نے سب سے زیادہ عید شوز میں پرفارم کرکے منفرد ریکارڈ قائم کردیا ہے۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں بہت جلد شہرت کی منازل طے کررہی ہوں تمام عید شوز میں میری پرفارمنس کو بے حد پسن کیا گیا ۔پاکستان اوراس کے لوگ امن پسند اورپیارکرنے والے ہیں‘یہاں جب بھی کوئی غیرملکی آتا ہے تو اس کو دل وجان سے خوش آمدید کہا جاتا ہے‘ چاروں صوبوں کے لوگ اس معاملے میں ایک سی سوچ رکھتے ہیں۔ لائبہ علی نے کہا کہ اکثر بیرون ملک ہونے والے شوز میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہوں، اس موقع پرمیری پوری کوشش رہتی ہے کہ اپنے فن کے ذریعے پاکستان کے خوبصورت کلچر کی عکاسی کروں تاکہ دنیا بھر میں ہماری طرف سے امن اوربھائی چارے کا پیغام پہنچ سکے۔ہمیں اپنے کلچر کو ہمیشہ پروموٹ کرنا چاہیے۔

میگھا

لائبہ علی

صباء کاظمی

عروج علی

اچھی خان

یار محمد صابری

مزید :

ایڈیشن 2 -