دین کی ترویج کیلئے کیا ریسرچ ہوئی؟
مکرمی! میں اپنے اس مراسلے کے ذریعے ایک اہم قومی ایشو کی جانب آپ کی توجہ دلانا چاہتی ہوں کہ ایک باشعور اور ذمہ دار قوم کی حیثیت سے کچھ سوالات کا جواب غور و فکر کرکے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے تو ہمیں بتایا جائے کہ پاکستان میں تمام مسالک کے مدرسوں نے دین کی ترویج اور خدمت کے لئے جو تحقیقی کام کیا، کیا وہ شائع ہوا؟ اس سوال کا جواب بھی چاہئے کہ کون کون سے موضوعات پر تحقیق ہوچکی ہے اور اس سے عام آدمی کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی؟ ایک اور سوال یہ ہے کہ اب تک جو تحقیق ہوچکی ہے، اس کا اسلامی دنیا میں کیا مقام ہے؟ اس سوال کا جواب بھی چاہئے کہ جو لوگ مدرسوں سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں، وہ آج کل کون کون سے شعبہ ہائے زندگی میں کام کر رہے ہیں اور ان کے کام کی نوعیت کیا ہے؟ امید ہے، متعلقہ شعبوں سے وابستہ ذمہ داران میرے سوالات کا جواب ضرور دیں گے۔(قرۃ العین، لاہور)