ریلوے ٹریڈ یونین پر پابندی لگانااقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی ہے،چودھری انور

ریلوے ٹریڈ یونین پر پابندی لگانااقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی ...

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)ریلوے میں ٹریڈ یونین پر پابندی لگانااقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی ہے، موجودہ جمہوری حکومت نے مارشل لاء کی یاد تازہ کردی ہے ۔ مزدوروں پر پابندی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر حکومت نے ریلوے کی نجکاری اور یونین پر پابندی کے فیصلے واپس نہ لیے تو پورے ملک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اس بات کافیصلہ گزشتہ روز ریلوے میں ٹریڈیونینز پرپابندی کے خلاف ریلوے ورکرز یونین کے ہونے والے اجلاس میں ہوا جس کی صدارات چوہدری محمد انور گجر چیف آرگنائزر نے کی۔ اجلاس میں ریلوے ورکرز یونین سی بی اے ریلوے اجلاس یونین ریلوے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد سعید آرائیں، رانا حشمت خاں ، مظفر محمود، محمد عارف خواجہ خواص، اکبر علی کھوکھر، زاہد فاروق، ملک لطیف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے میں ٹریڈ یونین پر پابندی اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ اور موجودہ جمہوری حکومت نے مارشل لاء کی یاد تازہ کردی ہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ پابندی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور ریلوے کی فروخت کے خلاف پورے ملک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ چوہدری انور گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی نجکاری کا عمل بری طرح ناکام ہوا ہے اور بزنس ٹرین کا ٹھیکیدار سوا دو ارب کا ٹیکہ لگاکر بھاگ گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کا لائحہ عمل جلد تیارکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی،کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، ملتان میں بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -