سکولز ملازمین کی افسروں کے گھروں میں ذاتی خدمات کے حوالے سے تحریک التوائے کار جمع
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے سکولوں کے ملازمین کی افسروں کے گھروں میں ذاتی خدمات کے حوالے سے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اخبار کی خبر کے مطابق سرکاری سکولوں کے ملازمین سرکاری افسروں کے گھروں اور دفاتر میں ذاتی خدمات سرانجام دینے لگے محکمہ سکول ایجوکیشن کی اپنی ٹرانسفر پالیسی 2013کے مطابق ہر طرح کی عارضی ڈیوٹی پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جبکہ سرکاری سکولوں سے درجنوں ملازمین جن میں مالی، نائب قاصد، سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیورز اور کلرک سول سیکرٹریٹ میں اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ افسران کے گھروں میں عرصہ دراز سے ڈیوٹیاں دے رہے ہیں اور تنخواہیں سکولوں سے لے رہے ہیں۔ ان میں محمد عمیر اور محمد اکرم جونیئر کلرک ڈی پی آئی ایلیمنٹری پنجاب کے دفتر سے تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ عرصہ 4 سال سے کام ڈپٹی سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن کے دفتر میں کرتے ہیں سول سیکرٹریٹ سکول ایجوکیشن میں کم و بیش 40 ایسے ملازمین کا انکشاف ہوا ہے جو تنخواہیں لاہور کے مختلف سرکاری سکولوں یا ماتحت دفاتر سے لیتے ہیں جبکہ کام سول سیکرٹریٹ میں کر رہے ہیں۔ جبکہ متعدد ملازمین پالیمنٹرینز اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں بھی کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کے گھر میں 15 ملازمین اور 5 پرسنل سٹاف ایسے ہیں جو کہ تنخواہیں سکولز اور دفاتر سے لے رہے ہیں اسی طرح سپیشل ایجوکیشن سکولز عمران سکندر اور دو ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے گھروں میں ایک درجن کے قریب ملازمین کام کر رہے ہیں۔