قذافی سٹیڈیم،ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کی تقریب کے انتظامات مکمل

قذافی سٹیڈیم،ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کی تقریب کے انتظامات مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کل بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کی تقریب کے انعقاد کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ۔ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل لاہور میں ایک تقریب میں کپتان مصباح الحق کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی دے گی۔ آئی سی سی کی تقریب کل بدھ کو صبح ساڑھے دس بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگی۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹرافی پیش کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ سسٹم 2003ء میں متعارف کروایا تھا اور پاکستانی ٹیم نے پہلی دفعہ مصباح الحق کی قیادت میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ آئی سی سی کی موجودہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان کی ٹیم 111 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، بھارت کی ٹیم 110 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، آسٹریلیا کی ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ تیسری، انگلینڈ کی ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی ، جنوبی افریقہ کی ٹیم 96 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، سری لنکا کی ٹیم 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی، نیوزی لینڈ کی ٹیم 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 67 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، بنگلہ دیش کی ٹیم 57 پوائنٹس کے ساتھ نویں جبکہ زمبابوے کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر ہے۔