نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ڈیوس کپ ٹائی میں شکست پر مایوسی ہوئی:خالد رحمانی

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ڈیوس کپ ٹائی میں شکست پر مایوسی ہوئی:خالد رحمانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی ایشیاء اوشیانا زون گروپ ون کے دوسرے راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے مایوسی ضرور ہوئی ہے تاہم یہاں پر کئی سالوں سے غیر ملکی کھلاڑی نہیں آرہے جس کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کیلئے پاکستانی نمبر ون عقیل خان پاکستان سے نیوزی لینڈ گیا تھا جبکہ سامر افتخار اور عابد علی اکبر امریکا سے براہ راست نیوزی لینڈ میں ٹیم کو جوائن کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ قومی ٹیم کے ساتھ بین الاقوامی ٹینس سٹار عصام الحق شامل نہیں تھے جس کی وجہ سے ہمیں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5-0 سے شکست کر سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی سالوں بعد گروپ ٹو سے گروپ ون کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ورلڈ کے نامور کھلاڑی شامل تھے جس کے باعث انہوں نے پاکستان کو آسانی سے ہرا دیا۔ خالد رحمانی نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آرہے جس کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ بین الاقوامی سطح پر قومی کھلاڑیوں کو بہت کم مواقع ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو ڈیوس کپ ٹائی میں شکست سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔