جعلی کریم لگانے سے چہرہ جھلسنے پر پراڈکٹ مالک کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ
لاہور(نامہ نگار)صارف عدالت میں شہری نے جعلی کریم لگانے سے چہرہ جھلسنے پر سید غنی بیوٹی پروڈکٹ میٹروکیش اینڈ کیری (ماڈل ٹاؤن)کے مالک کے خلاف 50لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیاہے۔صارف عدالت کے جج محمد طاہر نواز نے مذکورہ کے مالک کے خلاف دعویٰ دائر ہونے پر اسے 8اکتوبر کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔عدالت میں جوہرٹاؤن کے رہائشی محسن نے اپنے وکیل کی وساطت سے موقف اختیار کیا ہے کہ صارف نے سید غنی بیوٹی پروڈکٹ میٹرو کیش اینڈ کیری سے چہرے پر لگانے کے لئے کریم خریدی، کریم لگانے سے چہرہ چاروں طرف سے جھلس گیا ،جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا ،جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ جعلی کریم سے چہرے کی جلد خراب ہوئی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سید غنی بیوٹی پروڈکٹ انتظامیہ سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی،چہرہ جھلسنے کی وجہ سے وہ اور اس کے اہل خانہ ذہنی اذیت میں مبتلا رہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اسے ہرجانہ دلوایا جائے۔ عدالت نے مذکورہ مالک کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔