قومی نظریے کیخلاف لڑنے والوں سے جنگ کاسامنا ہے،امین وینس

قومی نظریے کیخلاف لڑنے والوں سے جنگ کاسامنا ہے،امین وینس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ہمیں ایسی جنگ کا سامنا ہے جو ہمارے نظریے کے خلاف ہے اوردہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنا از حد ضروری ہے جس کے لیے ہم سب کمر بستہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری پر عمل درآمد بلخصوص کرایہ پر دیئے گئے مکانوں ، ہاسٹل، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسسز کوسرچ کیا جائے اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے سلسلے کو پہلے سے زیادہ موثر انداز سے جاری رکھا جائے اور شہر کی اہم پاکٹس جنہیں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا کھوج لگانے کے لیے خاص طور پر ٹارگٹ کیا گیا ہو وہاں مکینوں کے ساتھ ساتھ گھروں کو بھی سرچ کیا جائے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ ایس پی اور سرکل افسران سرچ وارنٹ کے حصول کے طریقہ کار کو کم سے کم وقت میں مکمل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہوں جن میں ناجائز اسلحہ کے بیوپاریوں،جوئے کے اڈوں، قبضہ گروپوں اور غنڈے بدمعاشوں کے ڈیروں ، قحبہ خانوں اور منشیات فروشوں کے اڈوں پر بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گز شتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔سی سی پی او نے کہا کہ تھانے کی سطح پر کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور جس ایس ایچ او ، انچارج انویسٹی گیشن یا تفتیشی نے ایف آئی آر کے اندراج، ریڈ کے لیے ٹرانسپورٹ یاسٹیشنری کے نام پر پیسے لیے یا کسی بھی طرح مقدمات کے مدعیوں یا ملزموں سے تفتیش کے نام پر پیسوں کا مطالبہ کیا وہ خود کو ملازمت سے فارغ سمجھیں۔

مزید :

علاقائی -