تعلیم یافتہ قوم ہی موجودہ دور کے مسائل سمجھ اور حل کر سکتی ہے، ڈاکٹر آزاد مارشل

تعلیم یافتہ قوم ہی موجودہ دور کے مسائل سمجھ اور حل کر سکتی ہے، ڈاکٹر آزاد ...
تعلیم یافتہ قوم ہی موجودہ دور کے مسائل سمجھ اور حل کر سکتی ہے، ڈاکٹر آزاد مارشل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) تعلیم کی اہمیت اور قدر سے آگاہی اس وقت پاکستان کے عوام کا مقصدِ اولین ہونا چاہئے۔ تعلیم افراد کے سینوں میں نیکی کے نور کو بڑھاتی ہے اور معاشرے میں بدی کی تاریکی کو دور کرتی ہے تعلیم انسان کو اشرف المخلوقات ہونے کا شعور بخشتی ہے اسے ذات کی شناخت کراتی ہے اور ہر ذی روح کی خبر گیری کا درس دیتی ہے اس لئے اپنی ذمہ داریاں پہچانیں اور ان لوگوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں جو جہالت کے طوق اپنے گلے میں لٹکائے ہوئے ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے ادارہ عبادت کے شعبہ تعلیم بالغاں کے اساتذہ سے دورانِ ملاقات کیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں تعلیم بالغاں کے لئے وقف کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم سے بے بہرہ ایک گھر کا اندھیرا بھی دور ہو جائے تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کے افرادگوناگوں خوبیوں کے حامل ہیں۔ یہ لوگ صحرا میں پھول کھلا دیں اگر سبھی تعلیم یافتہ ہو جائیں۔ ڈاکٹر آزاد مارشل نے کہا۔ ’’ ادارہ عبادت میں تعلیم بالغاں کا شعبہ ایک عرصہ سے فعال ہے۔ اس نے اب تک ہزاروں لوگوں کو تعلیم کے حصول میں مدد دی ہے۔
خوشی ہے کہ تعلیم پانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جہد مسلسل ہمارے اساتذہ کا ہتھیار ہے اور میں پر امید ہوں کہ اس ہتھیار سے جہالت کی سیاہ عفریت کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔‘‘