منشیات کے مقدمہ میں 17ملزموں کے مفرور ہونے پر دائمی وارنٹ جاری
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ نے منشیات کے مقدمہ میں ملوث 17ملزموں کے ضمانتوں کے بعد مفرور ہونے پر ان کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے ہیں جبکہ ضامنوں کی جائیداد یں بھی ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔سیشن جج کی عدالت میں منشیات کے کیس زیر سماعت ہیں جس میں بیشترملزمان ضمانت ہونے پر مفرور ہو چکے ہیں۔ عدالت کے علم میں لایا گیا کہ ملزمان بار بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہو رہے،اس پر عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے 17ملزموں کے کیس داخل دفتر کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔
،عدالت نے ایس ایچ او تھانہ لٹن روڈ، اکبری گیٹ، مصری شاہ، پرانی انارکلی اور فیکٹری ایریا کو حکم دیا کہ ملزموں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے اپنے حکم میں لکھا جنہوں نے ملزموں کی ضمانتیں دیں، ان کی جائیدادیں بھی ضبط کی جائیں۔