بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ، جنرل راحیل شریف

بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ، جنرل راحیل شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (اے این این )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے اورجارحانہ بیانات کاسخت نوٹس لیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ ہم خطے کی تازہ صورتحال سے مکمل طورپرباخبرہیں اوراسے پرگہری نظررکھے ہوئے ہیں، پاک فوج بالواسطہ اور بلاواسطہ خطروں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ملکی سالمیت اورخودمختاری پرکوئی آنچ نہیں آنے دینگے،ہرسازش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔پیرکوآرمی چیف کی زیرصدارت جی ایچ کیومیں کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی کودرپیش داخلی اورخارجی چیلنجز اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں اُڑی حملے کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کا نوٹس لینے کیساتھ ساتھ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم خطے میں ہونیوالے واقعات سے باخبر ہیں اور موجودہ حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جبکہ موجودہ واقعات کے پاکستان کی سکیورٹی پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کو درپیش بالواسطہ اور بلاواسطہ تمام دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہے اور پاک فوج نے اپنی بہادر قوم کے ساتھ مل کر بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کیخلاف ہرطرح کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا جائے گا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر فوج، فرنٹیئر کور( ایف سی)، رینجرز اور پولیس کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک بھر میں دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -