چیچہ وطنی ، این اے 162کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن)کے چودھری طفیل کامیاب

چیچہ وطنی ، این اے 162کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن)کے چودھری طفیل کامیاب

  

 چیچہ وطنی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) حلقہ این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق تحصیل ناظم چوہدری محمد طفیل غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ دوسرے نمبر پر رہے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز حلقہ این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد طفیل نے غیر حتمی نتائج کے مطابق بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ دوسرے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار شہزاد سعید چیمہ تیسرے نمبرپر رہے۔مسلم لیگ ن کے امیدوار کی کامیابی کا سنتے ہی کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے ان کی رہائش گاہ حاجی ولی چوک پہنچ گئے اور وہاں مٹھائیاں تقسیم کیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ نومنتخب ممبر قومی اسمبلی چوہدری محمد طفیل کے دو بھائی چوہدری محمد ارشد جٹ اور چوہدری محمد حنیف جٹ ممبران صوبائی اسمبلی بھی ہیں۔ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پاک فوج کے نوجوان ہر پولنگ اسٹیشن پر تعینات تھے جس کی وجہ سے پورے حلقہ میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

مزید :

صفحہ اول -