’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام ‘‘ کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھاناہے : شہباز شریف

’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام ‘‘ کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھاناہے : شہباز ...

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے واٹر سیکٹر کی معروف جرمن کمپنی کے ماہرین نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے عام آدمی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا پروگرام بنایا ہے اور ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے ذریعے عام آدمی کو پینے کے صاف پانی کا حق دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی صحت مند زندگی کی بنیادی علامت ہے۔میں نے اپنے صوبے کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ انہیں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ اس پروگرام پر بے پناہ محنت اور عزم کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے تحت عام آدمی کو بھی وہی صاف پانی ملے گا جو اشرافیہ پیتی ہے۔یہ پروگرام صحت مند معاشرے کے قیام میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک پروگرام ہی نہیں بلکہ اسے ایک تحریک کی صورت میں آگے بڑھانا ہے۔ محنت، جذبے اور عزم کے ساتھ پروگرام پر عملدرآمد کرنا ہے۔ میں ذاتی طور پر اس اہم پروگرام کے امور کا باقاعدہ جائزہ لیتا ہوں۔ پروگرام پر رفتار اور معیار کے ساتھ عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب نے ایک ٹیم ورک کے طور پر پیشہ ورانہ انداز سے پینے کے صاف پانی کے پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمن ماہرین پنجاب حکومت کے ساتھ صاف پانی کمپنیوں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے بھی تکنیکی معاونت فراہم کریں۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی مشاورت کے ساتھ حتمی سفارشات پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے پروگرام کیلئے جرمن ماہرین کا انتخاب ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بین الاقوامی شہرت کی حامل معروف جرمن کمپنی کا انتہائی شفاف انداز سے اس پروگرام کیلئے کنسلٹنٹ کے طور پر انتخاب کیا گیا ہے۔اس اہم پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے جرمن کا تجربہ اور مہارت انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر فشنر فریڈک فارلینڈرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے وژن کے مطابق پروگرام کے حوالے سے ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین صاف پانی کمپنی شمالی پنجاب ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال، چیئرمین صاف پانی کمپنی جنوبی پنجاب ایم پی اے کاشف پڈھیار، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ حکام اور جرمن کمپنی فشنر کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) لوکو کیٹاگوڈیج جے ناتھ پریرانے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سرلنکا کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سری لنکا نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اورہمیں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے کئی انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہے ۔سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے وزیر اعلی کو سری لنکا کے دورہ کی دعوت بھی دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ا ور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ نے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاو ن بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں سے معاشی تعاون بڑھایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں زراعت ،معدنیات،لائیوسٹاک ،صنعت اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ۔بیلا روس کے سرمایہ کار ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بیلاروس کی آٹو انڈسٹری میں مہارت اورتجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔میں پہلی فرصت میں بیلاروس کا دورہ کروں گا۔بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں ۔صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،ایم پی اے علی رضا گیلانی،چےئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ،سیکرٹری صنعت اورمتعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ اول -