ملزم خرم نواز گنڈا پورپروٹوکول کے ساتھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے
لاہور(نامہ نگار خصوصی )سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر کے ملزم اور عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور گزشتہ روز خصوصی پروٹوکول کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ، ملزم خرم نواز پشاور ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کی گاڑی میں بیٹھ کر حفاظتی ضمانت منظورکرانے احاطہ ہائیکورٹ میں داخل ہو ئے۔ملزم خرم نواز پشاور ہائیکورٹ کی نمبر پلیٹ لگی گاڑی نمبر کیو زیڈ 273لے کر مسجد گیٹ سے داخل ہو کر جسٹس عبدالسمیع خان کی عدالت میں پہنچے اور حفاظتی ضمانت کی منظوری کے بعد اسی عدالت کے سامنے سے گاڑی میں بیٹھ کر عدالت عالیہ سے واپس روانہ ہوئے۔ ہائیکورٹ ایڈیشنل رجسٹرار عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ ملزم خرم نوازگنڈاپورنے ہائیکورٹ داخلے کے لئے پشاورہائیکورٹ کے ریٹائرڈجج اپنے بھائی جاوید نواز گنڈا پور کی گاڑی استعمال کی، جسٹس (ر) جاوید نواز گنڈاپوربھی ملزم کے ساتھ آئے، انہوں نے کہا کہ ملزم خرم نوازکوپروٹوکول دینے کاعلم نہیں،پشاورہائیکورٹ کے ریٹائرڈجج کی گاڑی کسی اورمقصد کے لئے ہائی کورٹ آئی تھی، ہمیں پشاورہائیکورٹ کے ریٹائرڈجج کے جگرکے مرض کے علاج میں مددکاکہاگیاتھا، انہوں نے کہا کہ تحقیقات کررہے ہیں کہ گاڑی ملزم خرم نوازنے کیسے استعمال کی، جو بھی اس واقعہ میں ملوث ہوا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔