پاناما لیکس ریکارڈ تحویل میں لینے کی درخواست سماعت کیلئے فائل چیف جسٹس کو ارسال
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس وقاص رؤف نے پاناما لیکس میں وزیراعظم کے بارے میں انکشافات کا ریکارڈ عدالتی تحویل میں لینے کی درخواست سماعت کے لئے دو رکنی بنچ میں پیش کرنے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بجھوا دی ہے۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پانامالیکس کے انکشافات پر وزیراعظم کے خلاف کارروائی کے لئے نیب کو درخواست دی لیکن چیئرمین نیب نے ابھی تک درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی،اس کے علاوہ ہائیکورٹ نے بھی چیئرمین نیب سے جواب طلب کیا جو ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ پانامالیکس کے وزیراعظم کے بارے میں انکشافات کے ریکارڈ ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ اس لیے تمام ریکارڈ کومحفوظ کرنے کیلئے اسے عدالتی تحویل میں لیا جائے،فاضل جج نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست کو دو رکنی بنچ میں پیش کرنے کی سفارش کے ساتھ فاضل چیف جسٹس کو واپس بھجوا دی ۔